Monday, November 26, 2018
کیپٹن احسان کی تلاش میں
پاکستانی فوج کا ایک کیپٹن احسان ملک تھا جس نے کومان پل کے محاذ پر بھارتی فوجیوں کے خلاف اتنی ناقابلِ یقین بہادری دکھائی کہ جنگ کے بعد بھارتی فوج کا چیف آف آرمی سٹاف نے ایک خط لکھا جس میں اس کی بہادری اور اپنے ملک کے لیے اتنے ناقابل یقین انداز میں لڑنے پر اسے خراجِ تحسین پیش کیا گیا تھا
پاکستانی فوج نے جتنی بھی جنگیں لڑی ہیں اس میں دو چیزوں پر ہمارے دوست، دشمن اور غیر جانبدار ناقدین متفق ہیں۔ وہ یہ کہ تمام جنگوں میں ہماری اعلیٰ فوجی قیادت قوم کی امیدوں پر پوری نہ اتر سکی لیکن جونیئر لیڈرشپ نے بہادری اور جرات کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں جو ہم سب کےلئے باعثِ فخر ہیں۔ یہی کچھ 1965میں ہوا، 1971میں ہوا، 1999 میں ہوا اور اب بھی ہو رہا ہے۔ فوجیوں کا کام تو پروانوں کی طرح وطن کی آن پر قربان ہونا ہے باقی قوم کی مرضی وہ اسے پذیرائی بخشے یا نہ بخشے۔ موجودہ مضمون کا تعلق بھی پاکستان کے ایک ایسے ہی فرزندِ عظیم کیپٹن احسن ملک اور اسکی یونٹ31 بلوچ رجمنٹ سے ہے۔
1971ءکی جنگ میںکمال پور (جمالپور کا سب سیکٹر) کی حفاظت کی ذمہ داری 31 بلوچ کو سونپی گئی جسے کرنل سلطان احمد جیسے دلیر اور بہادر آفیسر کمان کر رہے تھے۔ یہ ایک قدرتی امر ہے کہ فوج میں یونٹ کی سطح پر بہادری اور بزدلی کا حوصلہ کمانڈنگ آفیسر سے شروع ہوتا ہے اور فوج کی سطح پر اعلیٰ فوجی قیادت سے۔ ایک اچھا اور دلیر کمانڈر ایک کمزور فوج کو بھی بہتر طریقے سے لڑا کر مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتا ہے جبکہ کمزور اور بزدل کمانڈر اعلیٰ تربیت یافتہ فوج کا بھی ستیاناس کر دیتا ہے۔ یہ حقیقت پاکستان کی تمام جنگوں میں خصوصاً مشرقی پاکستان کے دفاع میں کھل کر سامنے آئی۔ دلیر اور پیشہ ور کمانڈرز نے آخر تک ہمت نہ ہاری اور بھارتیوں کو اپنی لاشوں پر سے گزر کر مشرقی پاکستان پر قبضہ کرنا پڑا۔ جونیئر آفیسرز کو جہاں کہیں بھی کھل کر لڑنے کا موقع ملا انہوں نے اپنی جان پر کھیل کر ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کی۔ بہت سے آفیسرز اور جوانوں نے اپنے فرض کی ادائیگی میں جامِ شہادت نوش کرکے دشمن کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ بہت سے آفیسرز اور جوان ایسے بھی تھے جو بھوکے پیاسے آخری دم تک لڑے اور دشمن کو روکے رکھا۔ باامر مجبوری اس وقت ہتھیار ڈالے جب انہیں اعلیٰ قیادت کی طرف سے ایسا کرنے کےلئے کہا گیا۔ ان بہت سی روشن مثالوں میں ایک مثال کیپٹن احسن ملک کی ہے۔
31 بلوچ کے کمانڈنگ آفیسر کرنل سلطان احمد چونکہ بذاتِ خود ایک دلیر افسر تھے اس لئے انکے ماتحت بھی جذبہ ایمانی اور جذبہ سر فروشی سے سرشار تھے۔ کیپٹن احسن ملک کو کمال پور کے علاقے میں آگے ایک بارڈر پوسٹ پر حفاظت کےلئے بھیجا گیا۔ یہ علاقہ چھوٹی چھوٹی تین پوسٹوں پر مشتمل تھا۔ کیپٹن ملک کے پاس 70 جوان اپنی یونٹ31 بلوچ کے اور تقریباً اتنی ہی نفری مغربی پاکستان سے حال ہی میں گئے ہوئے سکاوٹس (پیرا ملٹری) کے جوان تھے۔ ان بارڈر پوسٹوں کی دفاعی ذمہ داری تقریباً 2 میل طویل تھی حالانکہ ایک کمپنی کےلئے اتنے طویل فرنٹ کی حفاظت کرنا نا ممکن ہے لیکن اس وقت حالات ہی ایسے تھے۔ سامنے بھارت کا95 برگیڈ گروپ حملے کی پوزیشن میں تھا جسے بریگیڈئر ہردیو سنگھ کلیر کمان کر رہے تھے۔ عام طور پر ایک مکمل برگیڈ میں تین انفنٹری بٹالین ہوتی ہیں لیکن اس برگیڈ گروپ میں 4 انفنٹری بٹالین کے علاوہ ٹینک اور بھاری توپخانہ کی مکمل رجمنٹس اور تقریباً2 بٹالین کے قریب تربیت یافتہ مکتی باہنی بھی موجود تھے۔ یہ بریگیڈ گروپ بھارت کی کمیونیکیشن زون کور کے ایک ڈویژن کا حصہ تھا جسے جنرل گور بخش سنگھ گِل کمانڈ کر رہے تھے۔
بریگیڈئر کلیر (Kler) دراصل سگنل کور کا آفیسر تھا جسے جنگ میں95 برگیڈ گروپ کی کمان دیدی گئی۔ وہ اپنے آپ کو ہر قیمت پر ایک جنگجو کمانڈر ثابت کرنا چاہتا تھا۔ پاکستانی فوج کی پوسٹوں پر تعینات جوانوں اور افسروں کو ڈرانے کےلئے اور مخالفت ختم کرنے کےلئے اس نے جنگ شروع ہونے سے بھی بہت پہلے جولائی میں ہی گوریلا کارروائیاں شروع کر دیں۔ اس نے مکتی باہنی اور اپنے جوانوں پر مشتمل گروپ بنائے جنہیں پاکستانی علاقے میں داخل کرکے گوریلا کارروائیوں کا حکم دیا۔ ان گوریلا پارٹیوں نے بہت کوشش کی لیکن کیپٹن ملک کے علاقے پر قبضہ نہ کر سکے۔ 22 اکتوبر اور 14 نومبر کو بٹالین سطح کے دو شدید حملے کئے گئے لیکن کامیابی نصیب نہ ہوئی۔ کیپٹن ملک اور اسکے جوان اپنی اپنی جگہ ڈٹے رہے۔
بریگیڈئر کلیر جنگ کے شروع میں ہی ناکامی کا دھبہ نہیں لگوانا چاہتا تھا۔ لہٰذا مکتی باہنی اور اپنے گوریلا سپاہیوں کے بار بار حملوں میں ناکامی سے تلملا اُٹھا۔ کیپٹن ملک کو سبق سکھانے کےلئے اس نے اپنی ایک اعلیٰ ترین یونٹ13گارڈز بٹالین کو نومبر کے تیسرے ہفتے کیپٹن ملک کی کمپنی پر حملے کا حکم دیا۔ حملے سے پہلے دو دن کمپنی پر بھاری توپخانہ سے گولوں کی بارش کی گئی۔ دو دن کے مسلسل گولے بھی کیپٹن ملک کے حوصلے نہ توڑ سکے۔ 13گارڈز بٹالین نے جب حملہ کیا تو کیپٹن ملک اور اسکے جوانوں نے جوانمردی سے مقابلہ کیا۔ یہ حملہ تو ناکام ہوگیا لیکن 13گارڈز بٹالین نے کمپنی کے پیچھے والے علاقے پر قبضہ کرکے بلاکنگ پوزیشنیں قائم کر لیں۔ توپخانہ کی مدد نہ ہونے کی وجہ سے 31 بلوچ اس علاقے کو نہ بچا سکی اور اس علاقہ پر قبضہ کی وجہ سے کیپٹن ملک کی پوسٹ اپنی یونٹ سے کٹ گئی۔ سپلائی کا کوئی راستہ نہ بچا۔ ملک اور اسکے جوانوں نے پھر بھی ہمت نہ ہاری، آخری گولی اور آخری جوان تک مقابلے کا فیصلہ کیا۔
3 دسمبر کو 31 بلوچ کے میجر محمد ایوب نے کچھ جوانوں کےساتھ 13گارڈز کی بلاکنگ پوزیشن پر حملہ کیا تاکہ کیپٹن ملک اور اسکے جوانوں کےساتھ رابطہ بحال ہو سکے اور انہیں سپلائی اور راشن دیا جا سکے لیکن میجر ایوب کامیاب نہ ہو سکا۔ اس نے 4 دسمبر کو اس پوسٹ تک رابطہ کرنے کی دوبارہ کوشش کی اور شہید ہو گیا۔ (انا للہ وانا الیہ راجعون) بھارتیوں کابھی کافی نقصان ہوا۔ اس دوران بریگیڈئر کلیر نے سامنے سے کیپٹن ملک کی کمپنی پر ہر قسم کا دباﺅ جاری رکھا لیکن بہت نقصان اٹھایا۔ ایک پاکستانی کپتان کے محض 70 جوانوں پر ایک بریگیڈ کے مسلسل حملوں کا ناکام ہونا کلیر کی بہت بڑی بے عزتی تھی۔ لہٰذا اس نے فیصلہ کیا کہ مسلسل حملوں کی بجائے اس دستے کو بھوکا پیاسا مارا جائے۔ اس پوسٹ کے ارد گرد کلیر نے اپنی تین بٹالین بٹھا دیں تاکہ انہیں کسی قسم کی سپلائی نہ پہنچ سکے۔ آفرین کہ ملک پھر بھی اپنی جگہ پر ڈٹا رہا۔ خوشونت سنگھ جس نے اس جنگ کی حقیقی رپورٹنگ کی تھی اپنی جنگی ڈائری میں لکھا :
ترجمہ : ”مسلسل ناکامیوں، بڑھتی ہوئی اموات، پورے بریگیڈ میں پست ہمتی اور خوف کی وجہ سے کلیر نے فیصلہ کیا کہ اس کمپنی کو اپنے حصار میں لیکر بھوک پیاس سے مارا جائے تاکہ ان کی مقابلہ کرنے کی ہمت کو توڑ دیا جائے۔“
خوشونت سنگھ مزید طنز کرتے ہوئے لکھتا ہے :
”حیران کن بات یہ ہے کہ پورا بریگیڈ ایک کمپنی سے ڈرا ہوا ہے“
خصوصاً جبکہ کمپنی کے پاس توپخانہ بھی نہ تھا۔ ”کلیر غصے سے پاگل ہوگیا“ اس نے کئی دن کے حصار کے بعد ایک اور بٹالین کو حملے کا حکم دیا۔ یہ بٹالین بغیر زیادہ نقصان کے کمپنی پوزیشن کے نزدیک پہنچ گئی اور حملے کےلئے پوزیشن لی۔ ملک نے دو مارٹر گنوں اور رائفل فائر سے شدید مقابلہ کیا۔
**************************
حملہ آور کمانڈنگ آفیسر کی بدقسمتی کہ اسکے مورچہ کیساتھ والے مورچہ پر ایک مارٹر کا گولہ گرا اور مورچے میں موجود چاروں جوان مر گئے۔ انکے اعضا ہَوا میں اُڑتے ہوئے دکھائی دئیے۔ کیپٹن ملک جو کئی دنوں سے بُرے حالات میں بریگیڈ کا مقابلہ کر رہا تھا اسکی ہمت تو قائم رہی لیکن حملہ آور بھارتی کمانڈنگ آفیسر کی ہمت جواب دے گئی۔ وہ خوف سے کانپنے لگا اور مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ نہ کر سکا۔ کیپٹن ملک کا ساتھ والی پوسٹوں سے اور پیچھے بٹالین سے کئی دنوں سے رابطہ کٹ چکا تھا۔ کئی دنوں سے مسلسل پورے بریگیڈ کی فائرنگ کی زد میں رہا لیکن ہمت نہ ہاری اور اب یہ حالت تھی کہ بریگیڈئر کلیر کی کوئی یونٹ اس کمپنی پر حملے کیلئے تیار نہ تھی۔ پورے بریگیڈ میں اس قدر خوف پھیل گیا کہ کوئی آگے جانے کو تیار نہ تھا۔
جب بریگیڈئر کلیر کی فوج خوف سے آگے نہ بڑھ سکی تو اس نے یہ یونٹ واپس بلا لی اور بھارتی ائر فورس کی مدد مانگی۔ بھارتی مگ 21 طیاروں نے اس معمولی سی پوسٹ پر سارا دن صبح سے شام تک اس قدر بمباری کی کہ پورا علاقہ پاوڈر بن گیا لیکن پھر بھی آگے کوئی نہ آ سکا۔ جب ڈویژن کمانڈر جنرل گور بخش سنگھ نے بریگیڈ کی یہ بے بسی دیکھی تو اس نے خود اس علاقے کی کمان سنبھالنے کا فیصلہ کیا۔ جنرل بخش نے مکتی باہنی کے ایک آدمی کے ہاتھ کیپٹن ملک کو ایک لیٹر بھیجا ”تم جو کچھ بھی کرو ہم یہ پوسٹ ہر قیمت پر ختم کرینگے۔ لہٰذا مزید اموات سے بچنے کیلئے مقابلہ ختم کرو“ لیکن اسکے جواب میں ملک نے پھر فائرنگ شروع کر دی۔ جنرل بخش کو بھی بہت غصہ آیا اس نے شدید بمباری کا دوبارہ حکم دیا جو سارا دن جاری رہی۔ شام کے وقت ایک اور لیٹر بھیجا گیا۔ حیران کن بات کہ ملک تاحال زندہ تھا اور اسکا حوصلہ اسی طرح جوان۔ اس خط کا جواب بھی کیپٹن ملک نے شدید فائرنگ کرکے دیا۔
جب بھارتی بریگیڈ زچ ہوگیا اور جنرل بے بس تو پیچھے پاکستانی ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کیا گیا۔ اس وقت تک پاکستانی ہیڈ کوارٹر کی ہمت بھی جواب دے چکی تھی۔ چونکہ اور کوئی رابطہ نہ تھا لہٰذا شام کو ریڈیو پر کیپٹن احسن ملک کو ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا گیا۔ اس حکم پر ملک اور اسکے جوانوں نے کئی دن کے بھوکے پیاسے، بھیگی آنکھوں سے سفید جھنڈا لہرایا اور شام سات بجے اپنے آپکو بھارتی فوج کے حوالے کر دیا۔ #PAKSOLDIER_HAFEEZ
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment